آرمی چیف حافظ جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے شاہی محل میں ملاقات کی۔ سعودی ولی عہد کی جانب سے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں دونوں سربراہان کے درمیان علاقائی امن اور سیکیورٹی تعاون پر گفتگو کی گئی اور اس کے ساتھ ہی دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی حکمت عملی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی اظہارِ خیال کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سعودی ولی عہد کا پاکستان کی مستقل حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن و امان کے استحکام کے لئے سعودی ولی عہد کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا کہ آرمی چیف نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
اس دورہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی معاون وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللّٰہ العتیبی، رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف ائیر چیف مارشل فیاض بن حمید اور چیف آف رائل سعودی فورسز لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود سے بھی ملاقاتیں کیں