شاداب اور فخرزمان قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام، دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا

قومی ٹیم کے سلیکٹرز کی جانب سے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد سابق کپتان بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو ڈراپ کیا گیا تھا اور اب انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم دورہ زمبابوے کے لیے تینوں کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے۔

بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ 4 کھلاڑیوں کو دونوں فارمیٹس میں شامل کیا گیا ہے، جن میں عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ اور محمد عرفان خان شامل ہیں۔
جہانداد خان اور سلمان علی آغا کو پہلی بار ٹی20 میں شامل کیا گیا ہے جب کہ کامران غلام، عمیر بن یوسف اور سفیان مقیم کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

چیمپئنز ون ڈے کپ میں 17 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز رہنے والے فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جنہوں نے آخری بار جنوری 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں 4 سے 10 نومبر تک پاکستان 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی اور 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔

دورہ آسٹریلیا کے بعد قومی ٹیم زمبابوے جائے گی جہاں پر 24 سے 28 نومبر تک دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز شیڈول ہیں جس کے بعد یکم دسمبر سے 5 دسمبر تک 3 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں