روسی شخص خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والا پہلا انسان بن گیا

روسی خلاباز Oleg Kononenko نے 5 جون کو خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے فروری میں خلا میں سب سے زیادہ 878 دن گزارنے کا ریکارڈ بنایا تھا، جو اس سے پہلے روسی خلا باز Gennady Padalka کے پاس تھا۔

دونوں خلا بازوں نے یہ ریکارڈ کسی ایک مشن میں نہیں بلکہ 5 مختلف مشنز میں مکمل کیا تھا۔ تاہم، Oleg Kononenko کے مشنز کا مجموعی دورانیہ زیادہ طویل تھا اور وہ مستقبل میں بھی خلا میں کافی وقت گزارنے والے ہیں۔

اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ستمبر 2024 میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے ان کی واپسی متوقع ہے اور اس وقت تک خلا میں ان کے قیام کی مدت 1110 دن ہو جائے گی۔ روسی خلاباز Oleg Kononenko کا کہنا ہے کہ ”خلا میں کچھ نیا اور اہم حاصل کرنا اور نامعلوم چیزوں کو دریافت کرنا بہت دلچسپ ہوتا ہے، اس سے خود اعتمادی بڑھتی ہے“

انہوں نے مزید کہا کہ ”میں خلا میں بے وزنی اور دیگر اثرات سے بچنے کے لیے مسلسل ورزش کرتا رہتا ہوں، میں نے 16 سال کے دوران میں 5 بار خلا کا سفر کیا اور ہر بار نئے سفر کی تیاری ان کے لیے زیادہ مشکل محسوس ہوئی“

مزید پڑھیں:
خلا میں بھیجی گئی پاکستان کی سیٹلائٹ زمین کے مدار میں پہنچ گئی

روسی خلا باز کے مطابق ”خلا باز بننے کا عمل ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے، مختلف سسٹمز اور تجربات اب زیادہ پیچیدہ ہو گئے ہیں“

واضح رہے کہ روسی خلاباز Oleg Kononenko نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایک انجینئر کے طور پر کیا اور 34 سال کی عمر میں خلا باز بننے کے لیے تربیت لینا شروع کی۔ اپریل 2007 میں وہ اپنے پہلے خلائی مشن پر روانہ ہوئے اور خلا میں 200 دن گزارے۔

روسی خلا باز ابھی تک ایک مشن میں سب سے زیادہ دن خلا میں گزارنے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکے ہیں۔ یہ ریکارڈ Valeri Polyakov کے پاس ہے، جنہوں نے 1990 کی دہائی میں 434 دن 18 گھنٹے خلا میں گزارے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں