وزیراعظم کا قصور کے گاؤں کو ماڈل ولیج بنانے اور کیپٹن فراز شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج بروز پیر قصور میں کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی، جنہوں نے لکی مروت میں آئی ای ڈی حملے میں شہید ہوئے تھے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی میت کو اپنے کندھوں پر اٹھایا۔ اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطاءاللّٰہ تارڑ، انسپکٹر جنرل پنجاب اور دیگر اعلیٰ افسران و جوان بھی موجود تھے۔

نماز جنازہ کے بعد وزیراعظم نے شہید کیپٹن کے اہلخانہ سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے شہید کے گاؤں کو ماڈل ویلیج بنانے اور گاؤں کا نام شہید فراز الیاس کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے، دہشت گرد ہمارے امن کے عزم کو کمزور کرنے میں ناکام رہیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کسی کسی کو یہ بلند مرتبہ عطا کرتا ہے، قرآن مجید میں اللہ کا فرمان ہے کہ ”شہید کو مردہ نہ کہو، وہ زندہ ہیں“ ، شہید کیپٹن فراز الیاس نے اپنے خاندان کے لئے جنت میں مقام حاصل کیا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید کی یہ عظیم قربانی ضائع نہیں جائے گی، شہید کا خون ضرور رنگ لائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں