خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قومی خیر سگالی سفیر مقرر

وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے پاکستان کی معروف خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قومی خیر سگالی سفیر مقرر کر دیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم نے کہا کہ نائلہ کیانی بطورِ خیر سگالی ملک بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کریں گی، نائلہ کیانی ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ایتھلیٹ ہیں، نائلہ کیانی کی تقرری عورتوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے عزم کا ثبوت ہے۔

اپنی تقرری پر کوہ پیما نائلہ کیانی کا کہنا تھا کہ مجھے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قومی خیر سگالی سفیر مقرر ہونے پر بے حد فخر ہے، ہمارے ملک کے لیے خواتین کو بااختیار بنانے اور کامیابی کا واحد راستہ صرف تعلیم ہے، میں ایسے تعلیمی اقدامات کی حمایت کروں گی جن سے ہر لڑکی کو معیاری تعلیم حاصل ہو۔

واضح رہے کہ نائلہ کیانی ایرو اسپیس انجینئر اور ایک بینکر ہیں۔ وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جو 8,000 میٹر سے بلند 11 چوٹیوں کو سر کر چکی ہیں۔ انہوں نے نانگا پربت، گاشربرم ون، گاشربرم ٹو، لوتسے، مناسلو، براڈ پیک، اناپورنا، مکالو اور چو اویو جیسی بلند چوٹیوں کو سر کیا ہے۔

کوہ پیما نائلہ کیانی تین سال سے کم وقت میں تمام گیارہ بلند چوٹیوں کو سر کرنے والی سب سے تیز ترین پاکستانی خاتون ہیں۔ نائلہ دنیا بھر کے دس بڑے کوہ پیماؤں میں شامل ہیں، جنہوں نے 2023 میں صرف چھ ماہ کے عرصے میں 8,000 میٹر سے اوپر کی سات چوٹیوں کو کامیابی سے سر کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں