پاکستانی سٹوڈنٹس پر تشدد کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں گے، کرغز حکومت کی پاکستانی وزیر خارجہ کو یقین دہانی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ سے آستانہ میں ملاقات کی، جس کا مقصد کرغزستان میں پاکستانی طلباء کے خلاف حالیہ پرتشدد واقعات پر گفتگو کرنا تھا۔ اس ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے بشکیک کے حالیہ واقعات کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستانی طلباء میں پائے جانے والے عدم تحفظ اور خوف کے جذبات پر روشنی ڈالی اور کرغز حکومت سے ان کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی درخواست کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی طلباء پر حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے۔

کرغز وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ حکومت نے امن و امان کی بحالی کے لئے فوری اقدامات اٹھائے ہیں اور فسادات کے مرتکب افراد کو کرغز قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔ اسحاق ڈار نے کرغز حکومت، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا۔

کرغز وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور پاکستان واپسی کے خواہشمند طلبہ کی بحفاظت وطن واپسی کے لئے مکمل سہولت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اس سلسلے میں قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر توانائی، رابطوں، تجارت اور عوام سے عوام کے درمیان روابط پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ ادارہ جاتی میکانزم کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں