گوگل کا پاکستان میں 50 سمارٹ سکول قائم کرنے کا اعلان

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی جانب سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 50 نئے سمارٹ سکولز قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان سکولوں میں 30 ہزار گوگل فار ایجوکیشن آئی ڈیز فراہم کی جائیں گی، جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور بہتر تعاون اور پیداواری کی صلاحیت کے لیے ڈیجیٹل ٹولز جیسی خصوصیات ہوں گی۔

“گوگل فار ایجوکیشن” کی ٹیم نے اپنے مقامی پارٹنر “ٹیک ویلی” کے ہمراہ سیکریٹری تعلیم سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے حکومت کو پاکستان کے تعلیمی شعبے کے لیے اپنے آئندہ آنے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران کئی اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جس میں گوگل فار ایجوکیشن ٹولز پر اساتذہ کی تربیت کے لیے ورکشاپس کا انعقاد اور پبلک گوگل ریفرنس سکولز قائم کرنے کا منصوبہ شامل تھا۔

مزید برآں، گوگل ٹیم نے 2 ہزار نوجوانوں کو گوگل کیرئیر سرٹیفکیٹس فراہم کر کے انہیں ملازمت کے مواقع دینے پر بھی غور کیا۔ یہ تمام اقدامات پاکستان کے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے کے لیے کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں