وزیراعلیٰ پنجاب کا قومی ہاکی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے پر اپنی، وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ہاکی ٹیم اور تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیم کے لیے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی صرف قومی کھیل نہیں بلکہ قومی فخر ہے، 13 سال بعد ٹیم کی ایسی پرفارمنس نظر آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے ہاکی ٹیم کو پوری سپورٹ اور اونرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔ وزیر کھیل پنجاب نے کم عرصے میں بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، وزیر کھیل پنجاب کو اسپورٹس بحال کرنے کی ذمہ داری دی ہے، وزیر کھیل سے کہوں گی کہ ہاکی ٹیم کو جس تعاون کی ضرورت ہے اسے ضرور پورا کریں۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میں چاہتی ہوں کہ نوجوانوں اور طلبہ کے لیے صحت مند سرگرمیاں منعقد کی جائیں، وزیر کھیل پنجاب کو اسپورٹس کے لیے جتنا بجٹ چاہیے ہو گا اتنا دوں گی۔ تمام کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ ہاکی کے کھیل کو گلی محلہ تک پہنچانے کے لیے ہمارے ساتھ دیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دینے کی کوشش کریں گے، ہر کھلاڑی صحت کے ساتھ اسپورٹس کی بحالی میں ہمارا ساتھ دیں۔ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بچے بھی ان جیسا بننا چاہتے ہیں۔ مجھے امید ہے آنے والے وقت میں آپ اور کامیابیاں حاصل کریں گے، مجھ سے جو کچھ بھی ہو سکا ضرور کروں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں