آزاد کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات منظور، بجلی اور آٹے کے نئےنرخ مقرر

پاکستان کے زیر انتظام آزاد جموں و کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات منظور کرتے ہوئے آٹے اور بجلی کی نئی قیمتوں کے نوٹیفیکیشن جاری کر دیے گئے۔

کشمیر کے محکمہِ توانائی کی جانب سے بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے اور 300 سے زائد پر 6 روپے فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔

کمرشل صارفین کے لیے 300 یونٹ تک 10 روپے اور 300 سے زائد پر 15 روپے فی یونٹ قیمت مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب، نوٹیفیکشن کے مطابق 20 کلو گرام فائن آٹے کی قیمت 1000 روپے ہو گی، جبکہ 40 کلو فائن آٹے کی قیمیت 2000 روپے ہو گی۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ آل جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں اور منظوری سے متعلق معاہدہ بھی طے پا چکا ہے، آزاد جموں کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں احتجاج آج چوتھے روز بھی جاری رہا اور مختلف شہروں سے قافلوں نے لانگ مارچ کیا۔ احتجاج اور تصادم کے دوران کئی مظاہرین زخمی ہوئے اور ایک پولیس اے ایس آئی بھی شہید ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں