آزاد کشمیر احتجاج، وزیراعظم کی زیرِصدارت اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت، وفاقی وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر توانائی، وزیر فوڈ سیکیورٹی، وزارت داخلہ کے نمائندے اور دیگر اہم حکام بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں آزاد کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے کچھ عناصر ایسی صورتحال میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرتے ہیں، بحث، استدلال اور پرامن احتجاج کسی بھی جمہوریت کا حسن ہیں۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی املاک کو نقصان پہنچانے اور قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فریقین پر صورتحال کے پر امن حل پر زور دیتا ہوں، پر امید ہوں مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں