آئرلینڈ نے پہلی بار ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست دیدی

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ جمعے کے روز ڈبلن کے کاسل ایوینیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے 183 رنز کے ہدف کو 19.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر کے فتح حاصل کی۔

آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین سرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے 43 گیندوں پر 57 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے اور 1 چھکے شامل تھے۔ باقی کھلاڑیوں میں صائم ایوب 45، فخر زمان 20، محمد رضوان 1، اعظم خان اور شاداب خان صفر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے ساتویں وکٹ پر افتخار احمد اور شاہین آفریدی نے مل کر 13 گیندوں میں صرف 32 رنز بنائے۔ افتخار احمد 37 رنز بنا کر جبکہ شاہین آفریدی 14 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ آئرلینڈ ٹیم کے کریگ ینگ نے 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، جبکہ 4 کھلاڑی کیچ آوٹ ہوئے اور 2 رن آوٹ ہوئے۔

اسکے بعد آئرلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہدف آسانی سے پورا کر لیا۔ آئرلینڈ کے اینڈی بلبرنی نے 55 گیندوں پر 77 رنز سکور کیے، انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ ہیری ٹیکٹر نے 36، جارج ڈاکریل نے 24 رنز بنائے جبکہ ڈیلنے 10 اور کرٹس کیمفر 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کے عباس آفریدی نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ ہارنے کے بعد بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلے میں ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی، ہم نے 10 رنز کم بنائے اور اپنے پلان پر عمل نہیں کے سکے، البتہ ہم نے ابتدائی 10 اوورز میں اچھی بولنگ کی۔ دوسری جانب آئرلینڈ کے کپتان نے کہا کہ وہ پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی پر خوش ہیں، ان کے لیے یہ اچھا دن ثابت ہوا اور اینڈی بلبرنی نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے میچ میں فتح دلوائی۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ٹیم میں بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، اور محمد عباس آفریدی شامل تھے۔ آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں