ن لیگ واحد جماعت ہے جو نوجوانوں کے لیے کام کرتی ہے، رانا مشہود

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیٸرمین رانا مشہود احمد نے کامن ویلتھ کے وفد کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہو رہی ہے، دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہو چکا ہے دنیا بھر میں پاکستان کو ترقی کی جانب دیکھا جا رہا ہے.

چیٸرمین رانا مشہود احمد نے مزید کہا کہ ملک میں اب اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو ایک خوشی کی بات ہے۔ مہنگائی کی شدت کم ہو رہی ہے اور سی پیک دوبارہ بحال ہو رہا ہے، جو ملک کی معیشت اور ترقی کے لیے مزید دروازے کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم کے ساتھ معاہدہ کرنا بہت ضروری ہے، آئی ایم کی مدد سے ملک کی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری سات سالوں میں پاکستان میں نہیں آئی، لیکن اب سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے جو ملک کے لیے ایک اہم اور اچھا اشارہ ہے۔

چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم میں دو گروپس بن گئے تھے اور ہاکی ٹیم کے بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ تھا، وزیراعظم کی ہدایت پر ایک قومی کیمپ لگایا، وزیراعظم کے انہی اقدامات کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم تقریباً تیرہ سال کے بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کھیلنے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا ہر شعبہ بہتری کی راہ پر گامزن ہے، چین بھی مختلف بنیادی ڈھانچوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پاکستان آ رہا ہے، کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ نے پاکستان کو پہلی بار چیئرمین شپ فراہم کی ہے اور پچاس سالوں میں پہلی بار پاکستان کو چیٸرمین شپ دی گٸی ہے۔

چیئرمین رانا مشہود نے کہا کہ کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس بھی تشکیل دے دیا گیا ہے، اس فورم کا سیکرٹریٹ پاکستان میں قائم ہو گا، جس کی مدد سے پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ سیکرٹریٹ سے ملکی نوجوانوں کو 56 ممالک تک رسائی حاصل ہو گی، جو ان کی تربیت اور تعلیم میں اضافہ کرے گی، وزیر اعظم کا مشن ہے کہ اقتصادی بحالی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل کو فعال کیا جائے گا، جس میں ملک کے بہترین نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا تا کہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکیں۔ ن لیگ ایک واحد سیاسی جماعت ہے جو نوجوانوں کے مفاد کے لیے کام کرتی ہے، پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں، جنہیں پلیٹ فارمز فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کانفرنس میں مزید کہا کہ ایک طرف لوگ تخریب اور فساد پسند ہیں، جبکہ دوسری طرف پاکستان کو ترقی کی طرف لے جانے والی مثبت قوتیں بھی ہیں۔ پاکستان نے مخالف قوتوں کو شکست دی ہے اور اب پاکستان کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں