قومی کرکٹ ٹیم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے روانہ

پاکستان کرکٹ ٹیم آئر لینڈ اور انگلینڈ سے ٹی ٹوئٹنی سیریز کھیلنے کیلئے آئر لینڈ روانہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم غیر ملکی دورہ کیلئے نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے علامہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی، پھر وہاں سے براستہ دبئی آئر لینڈ پہنچیں گے۔

لاہور ایئرپورٹ پر وی آئی پی لاؤنج میں گورنر محمد احمد خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔ محمد احمد خان نے قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کو ائیرپورٹ سے الوداع کیا۔

قومی ٹیم کے سکواڈ کے تین کھلاڑی ٹیم کے ساتھ روانہ نہیں ہو سکے۔ شاداب خان اور حسن علی قومی ٹیم کو آئرلینڈ میں جوائن کریں گے، جبکہ فاسٹ بولر محمد عامر ویزا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو بعد میں جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان آئرلینڈ کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گا۔ قومی ٹیم آئرلینڈ کے ساتھ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 10 مئی، دوسرا 12 مئی اور تیسرا میچ 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کےخلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ روانہ ہو گی۔ قومی ٹیم کا انگلینڈ کے ساتھ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 22 مئی، دوسرا 25 مئی، تیسرا 28 مئی اور چوتھا 30 مئی کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں