وزارت تعلیم کا اسلام آباد میں طالبات کے لیے مفت بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

وزارت وفاقی تعلیم نے بچوں اور خواتین اساتذہ کے لیے ٹرانسپورٹ کی مشکلات کا حل کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا۔ وفاقی تعلیمی اداروں کی بیس بسوں کو ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تیار کر کے سڑکوں پر چلایا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت کے شہری اور دیہاتی علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے چلائی جانے سالی ان بسوں میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طالبات اور خواتین اساتذہ مفت سفر کر سکیں گی۔

ان بسوں کو خواتین اور بچیوں کیلئے مخصوص پنک رنگ دیا جائیگا۔ سیکرٹری ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ وزارت وفاقی تعلیم نے یہ اقدام ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث بچیوں کے سکولوں سے بڑھتے ڈراپ آؤٹ ریشو کو دیکھتے ہوئے لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنل آڈٹ میں واضح ہوا ہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی کل 385 بسوں میں سے تیس فیصد بسیں ناقابل استعمال ہونے کے سبب کھڑی ہو چکی ہیں، جنہیں بجٹ اور ڈرائیوز کی کمی اور بروقت مرمت نہ ہونے کے سبب استعمال نہیں کیا جا رہا تھا۔

سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا کہ مستقبل میں ان بسوں میں جگہ کی دستیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے عام خواتین کو سفر کی اجازت دی جائیگی، 15 جون تک ان بسوں کو مکمل تیار کروا کر طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے سروسز فراہم کرنا شروع کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں