5 ویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ، سیریز 2-2 سے برابر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 27 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا، جس میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان نے سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 168 رنز بنا کر آٶٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن پاکستانی بیٹرز کو ابتدا سے ہی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سب سے پہلے صائم ایوب صرف پانچ رنز بنا کر آٶٹ ہوئے، پھر عثمان خان 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری، انہوں نے 69 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جس میں 2 چھکے 6 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد افتخار احمد 6 اور فخر زمان 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایش سودی، جیمز نیشم، ولیم، بین سیر اور زکرے فوکس صرف ایک، ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 168 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفر 52 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ مائیکل بریسویل 23، جیمز نیشم 16 مارک چیپمین 12 اور ذاکارے فوکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باولنگ کراتے ہوئے نیوزی لینڈ کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری جانب اسامہ میر نے 2 جبکہ عماد وسیم اور شاداب خان نے صرف ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح پاکستانی باؤلرز نے اپنی دھواں دھار باؤلنگ کر کے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح حاصل کر کے سیریز کو برابر کر دیا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کی اختتامی تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شرکت کی۔ محسن نقوی اور دیگر سپانسرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو انعامات تقسیم کیے۔ شاہین شاہ آفریدی کو پلئیر آف دی سیریز اور پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سیریز برابر ہونے کی وجہ سے تقریب کے آخر میں نیوزی لینڈ اور پاکستان دونوں ٹیموں کو ٹرافی دی گئی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرایا۔ نیوزی لینڈ نے تیسرے میچ میں 7 وکٹوں سے اور چوتھے میچ میں 4 رنز سے پاکستان کو شکست دی تھی، جبکہ پانچویں اور آخری میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو صرف 9 رنز سے ہرا کر سیریز برابر کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں