آرمی چیف کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں افطار ڈنر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پیر کو آرمی ہاؤس راولپنڈی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ (اے ایس پی ٹی) میں اپنی جسمانی تربیت مکمل کرنے کے بعد افطار ڈنر میں شرکت کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے دیگر افسران بھی افطار پارٹی میں شریک تھے۔ اس موقع پر کرکٹرز نے انہیں کاکول میں بہترین تربیت فراہم کرنے اور پاک فوج کا کھیلوں کی حمایت میں اہم کردار ادا کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق افطار کی میزبانی کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کھلاڑی ٹی ٹیونٹی سیریز میں اچھی کاردگی دکھاٸیں گے۔

واضح رہے کہ تقریباً 29 کھلاڑیوں نے 26 مارچ سے 6 اپریل تک پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے تربیتی کیمپ میں شرکت کی تھی، جہاں پاکستان آرمی کے ماہرین نے انہیں مختلف مشقیں کرواٸیں اور بہترین تربیت دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے تین ٹی ٹوینٹی میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو ہوں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور روانہ ہوں گی، جہاں 25 اور 27 اپریل کو باقی دو ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں