اوپن یونیورسٹی میں داخلوں کی آخری تاریخ، کل سے امتحان شروع ہونگے

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2022ء کے دوسرے مرحلے میں پیش کئے گئے اے ڈی ای، بی ایڈ، بی ایس(او ڈی ایل)بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)، بی بی اے، ڈپلومہ پروگرامز، پوسٹ گریجویٹ پروگراموں اور سرٹیفکیٹ کورسز کے داخلوں کی آج(منگل 8نومبر)آخری تاریخ ہے۔

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ، سید ضیاء الحسنین نقوی کا کہنا ہے کہ پہلے سے داخل(جاری طلبہ) 15نومبر تک انٹرولمنٹ کرسکتے ہیں جبکہ داخلوں کی آخری تاریخ 6 اکتوبر مقرر کی گئی تھی، طلبہ کی پرزور اپیل پر تاریخ میں بغیر لیٹ فیس چارجز کے 18 اکتوبر تک توسیع کی گئی تھی۔

ملک میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث داخلہ فیس جمع نہ کرسکنے والے طلبہ کو سہولت فراہم کرنے لئے داخلوں کی تاریخ میں ایک بار پھر لیٹ فیس چارجز کے ساتھ 8 نومبر تک توسیع کردی گئی تھی۔

علاوہ ازیں سمسٹر بہار 2022ء کے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں(ایم اے/ایم ایس سی، ایم کام، ایم بی اے/ایم پی اے(کامن ویلتھ آف لرننگ)، ایم ایل آئی ایس اور ایم ایڈ)کے فائنل امتحانات ملک بھر میں ایک ساتھ کل(بدھ 9نومبر )سے شروع ہورہے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کی جانب سے ڈیٹ شیٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جبکہ رول نمبر سلپس طلبہ کے سی ایم ایس اکاؤنٹ پر فراہم کردی گئی ہیں۔شعبہ امتحانات نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، ملک بھر میں یونین کونسل سطح پر امتحانی مراکز قائم کر دیئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں