احساس راشن رعایت پروگرام کے لیے 100 ارب روپے کی سبسڈی کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے شادمان مارکیٹ میں احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہونے والے جنرل اسٹور سے پروگرام کا آغاز کیا۔

تفصیلات کے مطابق احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ پروگرام سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے اور آٹے، دال، گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ہوگی۔ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں انہیں کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے رجسٹریشن کروانی پڑے گی۔

مزید اس پر انہوں نے کہا کہ کریانہ دکاندار اس کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے رجسٹریشن کروائیں، جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہو گی۔ دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیے جائیں گے۔

ڈاکٹر ثانیہ کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں جو گھرانے احساس راشن رعایت سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ کیو آر کوڈ کے علاوہ 8123 پر گھر کے کسی ایک فرد کا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر یا پنجاب خدمت مراکز سے رجوع کر کے بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں اور جو گھرانے پہلے سے پروگرام میں رجسٹر تھے وہ اہل ہوں گے مگر ان کو دوبارہ رجسٹر ہونا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 100 ارب روپے کی خطیر رقم سے شروع کیے گئے احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو آٹا، دالیں، کوکنگ آئل اور گھی 40 فیصد تک سستا ملے گا، جبکہ کھانے پینے کی مزید اشیا کو پروگرام میں شامل کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں