صدر پی ایم سی ڈاکٹر نوشاد شیخ ان دنوں کراچی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے آج صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ازرا فضل پلیجو سے ملاقات کی اور ان کو گزشتہ چند روز میں کونسل کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور قانونی حوالے سے درپیش مشکلات کے حوالے سے بریفنگ دی
اس موقع پر ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبائی وزیر کی جانب سے جلد از جلد کونسل اجلاس بلانے اور ایم ڈی کیٹ کی حتمی تاریخ دینے پر زور دیا گیا، صوبائی وزیر کی جانب سے کہا گیا کہ کونسل کوشش کرے کہ ملک بھر میں بجائے مرحلہ وار امتحانات کے ایک ہی دن تمام سٹوڈنٹس کا ٹیسٹ لیا جائے
صدر پی ایم سی ڈاکٹر نوشاد کی جانب سے صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کونسل کی منظوری کے بعد اب ایف ایس سی پری میڈیکل میں فرسٹ ڈویزن کے حامل تمام سٹوڈنٹس ایم ڈی کیٹ دینے کے اہل ہونگے جبکہ کم از کم 55 فیصد نمبرز لینے والے سٹوڈنٹس ایم بی بی ایس اور 45 فیصد نمبرز لینے والے سٹوڈنٹس بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے اپلائی کرنے کے اہل ہونگے، اس موقع پر ڈاکٹر ازرہ کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے لیے پاسنگ پرسنٹیج کم کرنے پر وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل اور پی ایم سی کونسل کی کاوشوں کو سراہا گیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ لوکل گریجویٹس کے لائسنسنگ امتحان کے حوالے سے بھی معاملہ زیر بحث آیا جس میں صدر پی ایم سی کی جانب سے ڈاکٹر ازرا کو این ایل ای ختم کرنے کے حوالے سے قانونی پیچیدگیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جبکہ صدر پی ایم سی نے آئندہ کونسل اجلاس کے ایجنڈے کے حوالے سے بھی صوبائی وزیر صحت کو آگاہ کیا
ذرائع کے مطابق ملاقات میں فارن میڈیکل گریجویٹس کی پاسنگ پرسنٹیج کم کرنے کے حوالے سے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی تاہم ڈاکٹر نوشاد کی جانب سے کہا گیا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ کونسل اجلاس میں ہوگا تاہم کوشش ہوگی کہ ڈاکٹرز کو ہر طرح سے قانونی ریلیف فراہم کیا جاسکے
ملاقات میں صدر پی ایم سی کی جانب سے سیلاب متاثرہ سٹوڈنٹس کے لیے پی ایم سی کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، انہوں نے کہا کہ اب تک 4 ہزار کے قریب سٹوڈنٹس رجسٹر کر چکے ہیں جبکہ مزید رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے
ڈاکٹر ازرا کی جانب سے اس موقع پر سٹوڈنٹس کو ٹیسٹ کی تاریخ میں پیش آنے والی دشواریوں کے پیش نظر ہدایت کی گئی کہ تاریخ کے حوالے سے سٹوڈنٹس کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے
ذرائع کا دعوی ہے کہ صدر پی ایم سی کی جانب سے ممکنہ طور پر 13 نومبر سے ایم ڈی کیٹ کے آغاز کا عندیہ دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں ہونے والے پی ایم سی کونسل اجلاس میں کیا جائے گا تاہم ان کی جانب سے یہ واضع کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ کا آغاز رواں سال نومبر کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیا جائے گا